جئے پور 31/اکتوبر (ایس او نیوز) ریاست راجستھان کے جئے پور میں میں شادی کی خوشیاں اُس وقت غم میں بدل گئیں ، جب تقریب کے دوران اچانک ایک ٹرانسفارمر خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ہر طرف آگ پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شادی والا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہو گیا ، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 22 افراد آگ کی لپیٹ میں آ کر شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جے پور کے ایک دیہات شاہا پورا میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شادی کی تقریب اپنے عروج پر تھی کہ اچانک بجلی کے ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 22 افراد زشدید زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ،11 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، زخمیوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے جس کا بچہ پیدا ہونے سے پہلے ہی موت کی وادی میں جا پہنچا ہے جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیم ماں کو بچانے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے اپنا دہلی دورہ منسوخ کرتے ہوئے سیدھے اسپتال پہنچی اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو فوری علاج کی طرف توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مرنے والوں کے ورثاء کو فوری طور پر دس دس لاکھ روپئے معائوضہ کا ابھی اعلان کیا۔
ورثاءنے مرنے والوں کی لاشوں کو ایک ساتھ رکھ کر سوگ منایا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ، اس درد ناک واقعہ سے ہر آنکھ اشک بار اور فضا سوگوار ہو گئی۔حادثے کے فوری بعد فائر بریگیڈکا عملہ، محکمہ الیکٹری سٹی کے آفسران اور پولس بھی موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ پہلے ایک پرانا ٹرانسفارمر پھٹ گیا ، جس سے چار لوگوں کی موت واقع ہوئی۔اس کے فوری بعد جیسے ہی بجلی بحال ہوئی ، دوسرا دھماکہ ہوا۔ ایک اور عینی شاہد کے مطابق اس دوران ایک ہائی وولٹیج والا کیبل نیچے گر گیا جس سے مزید لوگوں کی موت واقع ہوئیں۔ پولس اور محکمہ الیکٹری سٹی معاملے کی مزید جانچ میں جٹ گئے ہیں۔
